ڈی جی خان اور راجن پور کے سیلاب سے تباہ ہونے والے سکولوں میں عارضی لرننگ سنٹر قائم کئے جائیں گے، یونیسف

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس وکلچر ( یونیسکو) پاکستان کے سربراہ عبداللہ فادل نے کہاہے کہ یونیسف کی جانب سے ڈی جی خان اور راجن پور کے سیلاب سے تباہ ہونےوالے سکولوں میں عارضی لرننگ سنٹر قائم کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ سکولوں کے بچوں کویونیفارم، سٹیشنری اور کتابیں مفت فراہم کی جائیں گی جبکہ سکولوں میں پلے ایریا اور ٹائلٹس بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کے آفس میں سیلاب متاثرہ علاقے بارے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر کیا۔وفد کی قیادت یونیسف پاکستان کے سربراہ عبداللہ فادل کررہے تھے جبکہ یونیسف کے چیف فیلڈ آفیسر نگانبی ولبراڈ اور دیگر ممبران وفد میں شامل تھے۔اس موقع پربریفنگ میں بتایا گیاکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچوں اور عورتوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی بارے بھی پنجاب حکومتب نے لائحہ عمل تیار کرلیاہے جس پر عملدرآمد کرنے میں بین الاقوامی ادارے بھی حکومت کی معاونت کررہے ہیں۔ یونیسف نے ضلع ڈی جی خان اور راجن پور میں تعلیم اور صحت کے شعبے کے لئے9 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں غذائیت کا شکار بچوں کے علاج کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اور سیلاب متاثرہ آبادیوں میں پینے کےصاف پانی کی فراہمی اور خواتین کے لئے بیت الخلا بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ اس موقع پرکمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن لیاقت چٹھہ نے دی گئی بریفنگ میں بتایا کہ ڈی جی خان ڈویژن کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے سروے اسی ماہ مکمل کر لیاجائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ڈی جی خان اور راجن پور میں سیلاب سے 62 اموات واقع ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ڈی جی خان کے 85 اور راجن پور کے 18سکولوں کی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ان اضلاع میں 43بنیادی مراکز صحت مکمل متاثر ہوئے ہیں۔کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ رودکوہیوں سے ڈی جی خان اور راجن پور کی نہروں کو431 مقامات پر کٹ لگے ہیں اور نہری نظام بری طرح متاثر ہونے سے آبپاشی اور لائیوسٹاک کے لئے پانی کی فراہمی کا مسلہ پیدا ہوگیا ہے جس سے نمٹنے کے لئےحکومت پنجاب نہری نظام کی بحالی کے لئے بھرپور کوشش کررہی ہے۔ لیاقت چٹھہ نے بتایا کہ حکومت نے سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی اور آبادی کاری کا حکم دیا ہے اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر سیلاب سے تباہ ہونیوالے سکولوں میں فوری طور پر تعلیمی سرگرمیاں شروع کے خواہاں ہیں تاکہ بچوں کی تعلیم میں ہرج نہ آئے۔انہوں نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا یونیسف کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔

ڈی جی خان اور راجن پور کے سیلاب سے تباہ ہونے والے سکولوں میں عارضی لرننگ سنٹر قائم کئے جائیں گے، یونیسف